بنگلورو،6؍مارچ (ایس او نیوز) مہاشیوراتری تہوار کے موقع پر کل دھرمستھلا سے واپس لوٹ رہے ایک ہی کنبہ کے 5 افراد حادثہ کا شکار ہوگئے۔ کل درمیانی شب نلمنگل سے قریب قومی شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوئے مہلوکین کی شناخت نائینڈنہلی پنترپالیہ ایلوولو(43) اس کی بیوی کملا(35) گری دھر (14)کرن (13) اور گیتا (10) کے طور پر کی گئی ہے ۔ نلمنگل نیٹگنہلی سے قریب کل رات 10:30بجے ہاسن سے آرہی اسکارپیو جیپ بے قابو ہوکر روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکراکر کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کی ایراوت بس سے ٹکراگئی۔ جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثہ میں زخمی 10 افراد کو نلمنگل سرکاری اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے جہاں وہ خطرہ سے باہر ہیں۔ حادثے میں بس ڈرائیور کیشو کا پیر زخمی ہوگیا ہے اسے بھی سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ، جس میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے جو بچ گئے۔کل شیوراتری کی وجہ سے ایلوولو نے اپنے کنبہ کے ہمراہ دھرمستھلا کے مندرمیں پوجا کیلئے اسکارپیوجیپ کے ذریعہ روانہ ہوا تھا اور رات شہر واپس لوٹتے وقت جیپ گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی، جس کی وجہ سے اسکارپیو جیپ کے سامنے کا حصہ مکمل تباہ ہوچکا ہے ۔اطلاع پاکر نلمنگل ٹریفک پولیس نے جائے حادثہ پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال پہنچایا اور معاملہ درج کرلیا ہے ۔حادثہ کی وجہ سے شاہراہ پر تھوڑی دیرکیلئے ٹریفک جام رہا بعد میں پولیس نے گاڑیوں کے گزرنے کو آسان بنایا۔